اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر نے عدالت میں ثبوت کے بجائے قطری کی چھتری استعمال کی۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر کا قصور یہ ہے کہ کیلبری فونٹ مارکیٹ میں آنے سے پہلے لانچ کردیا، بیگم صفدر اعوان کیلبری فونٹ کی جعلساز اور بے نامی دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان ٹی ٹیز میں آل شریف کی شراکت دار ہیں، وہ انٹرویوز میں کچھ اور عدالتوں میں کچھ اور کہنے والی فنکار ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کا قصور یہ ہے کہ مودی کو گھر پر بلا کر قومی سلامتی کو داغدار نہ کرسکیں، سجن جندال جیسے لوگوں سے خفیہ ملاقاتیں کرکے ملک کو کمزور نہ کرسکیں۔
مزید پڑھیں: چوہدری شوگرملز کیس، مریم نواز 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بیگم صفدر کا قصور یہ ہے کہ غیرملکیوں نے ملین ڈالرز ان کے اکاؤنٹ میں بھیجے لیکن ان کو خبر نہ ہوئی۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کو 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، نیب نے دونوں ملزمان کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
یاد رہے گزشتہ روز نیب نے چوہدری شوگرملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کو گرفتار کرلیا تھا ، مریم نوا ز کو تفتیش کے لئے بلایا گیا تھا لیکن وہ نیب دفترمیں پیش ہونے کے بجائے والد سے ملنے کوٹ لکھپت جیل چلی گئیں، مریم نواز ملاقات کر کےنکلیں تو نیب ٹیم نے انھیں حراست میں لے لیا جبکہ نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔