منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

او آئی سی کو زیادتی کا شکار مسلمانوں کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہے: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

جدہ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی گولڈن جوبلی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعث اعزاز ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ او آئی سی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کو اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی پیغام کے ساتھ دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔ اسلامی سربراہ ممالک کا یہ فورم مسلم امہ کے رشتے کو مضبوط بنانے اور جوڑنے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسے دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امہ کو درپیش مسائل اور اسلامو فوبیا جیسے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے یکساں مؤقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناروے جیسے افسوسناک واقعات روکنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کی مقدس شخصیات اور کتب کے احترام کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے۔ ایسے واقعات کو جرم قرار دیا جائے اور مرتکب عناصر کو سزا ملنی چاہیئے۔

اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس فورم سے کشمیریوں کے جمہوری بنیادی حق اور وادی میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے مزید آواز بلند کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پر زور دیا جائے کہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں اور غیر انسانی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔ بابری مسجد کے فیصلے نے بھارت کا سیکولر چہرہ بے نقاب کر دیا، مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں سے ان کے سلوک کا پول کھل گیا ہے۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے پاکستان چاہتا ہے کہ مسلم ممالک کے مابین معاشی تعلقات فروغ پائیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کو مزید تقویت ملے۔

خیال رہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان او آئی سی کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

معاون خصوصی گولڈن جوبلی کی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ فردوس عاشق اعوان تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کر رہی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں