اسلام آباد : معاون خصوصی اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کلبھوشن سے متعلق عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی ریاستی دہشت گردی کاحقیقی چہرہ ہے۔
یہ بات انہوں نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد اپنے ردعمل میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ اپنے دہشت گرد کو بچانے کیلیے عالمی عدالت میں بھارت کی درخواستوں کا مسترد ہونا پاکستان کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ کلبھوشن بھارتی ریاستی دہشت گردی کاحقیقی چہرہ ہے، کلبھوشن کی دہشت گردی سے کئی خواتین بیوہ اور بچے یتیم ہوئے، کلبھوشن کا اعترافی بیان بھارت کے مکروہ چہرے کو بےنقاب کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادو کی بریت کی بھارتی درخواست مستردکردی
واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردیا ،ججز کے پینل نے پاکستان کے موقف کو درست قرار دے دیا۔
کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ عالمی عدالت کے جج عبدالقوی احمد یوسف سنایا، انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی مطالبے پرکلبھوشن کا اصل پاسپورٹ اور کلبھوشن کی شہریت کے دستاویزات نہیں دکھائے۔
عالمی عدالت نے کلبھوشن کا حسین مبارک پٹیل کے نام سے بھارتی پاسپورٹ اصلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ، کلبھوشن یادیو اسی پاسپورٹ پر17 بار بھارت سے باہر گیا اور واپس آیا۔