12.5 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

ضمانتی بانڈ کا مقصد سیاسی نہیں قانونی تقاضہ ہے، فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے نواز شریف کو انسانی ہمدردی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی ، انڈیمنٹی بانڈ سیاسی مقصد کے لئے نہیں  ، قانونی تقاضہ ہے، سزا یافتہ قیدی کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاتا۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تاثر دیا جارہا ہے کہ انڈیمنٹی بانڈ سیاسی مقصد کے لئے ہے، نواز شریف کی صحت کا معاملہ انسانی بنیاد کا ہے ، وزیراعظم نے انسانی بنیاد پر نوازشریف کو جانے کی اجازت دی اور ان کی صحت پر سیاست نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف کے باوجود وزیراعظم نے فیصلہ انسانی بنیاد پر کیا، ماضی میں لیگی وزرا بھی مشرف کے مقدمے پر بیانات دیتے رہے ہیں، پرویز مشرف سزا یافتہ نہیں تھے ، سزا یافتہ قیدی کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاتا ہے۔

- Advertisement -

معاون خصوصی نے کہا حکومت مشکلات کے باوجود قانون کے مطابق جانے کی اجازت دی، انڈیمنٹی بانڈ کیش کی صورت میں نہیں مانگا گیا ، حکومت نے مجبوراً قانونی تقاضے پر گارنٹی مانگی ہے، اپنے لیے نہیں مانگ رہی ہے، ای سی ایل کے قوانین اس کی اجازت نہیں دیتے ،انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ون ٹائم جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ترجمان کا رویہ افسوسناک ہے، وہ معاملےکو سیاست کی نذرکررہےہیں، لیگی ترجمان روز بیان دے رہے ہیں ایئر ایمبولنس چل پڑی، یہ ٹی20 یا ون ڈے میچ نہیں یہ لانگ سیریز ہے ، آپ کو بھی موقع ملتے رہیں گے ہمیں بھی ملتے رہیں گے، سیاسی گراؤنڈ پر میاں صاحب کی صحت پر چوکے چھکے نہ لگائیں، ہمارے لیڈر نے میاں صاحب کی صحت پر بیان دینے کی قدغن لگائی ہے، لیگی ترجمانوں کی فوج حکومت پر یلغار کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ انا کی چھتری سے باہر نکل کرذمہ دارانہ قیادت کامظاہرہ کرے اور حکومت کی جانب سےسہولت کاری کے اقدام سے فائدہ اٹھائیں، بال ن لیگ کے کورٹ میں پھینک دی ہے دیکھنا ہے یہ کہاں ہٹ لگاتے ہیں، امید ہے آج ن لیگ کی قیادت نواز شریف کی صحت کو ترجیح دے گی، پنگے بازی، پنجہ آزمائی یا باؤنسر پھینکنے کے بجائے نوازشریف کی صحت پر سمجھوتہ نہ کریں۔

مولانا مارچ کے حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مذہبی پیشوا اسلام آباد سے ہجرت کرکے چلے گئے ہیں ، مولاناصاحب کے سارے اسکرپٹ پٹ گئے ہیں، ان کا پلان بی کاڈرامہ بھی پہلی قسط کی طرح فلاپ ہوگا، ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے ، مسائل سے باہر نکالنے کیلئے ہر ایجنڈے پرملکر کام کرناہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے2014 میں 126کااسکور کیا تھا، مولانا صاحب13کےاسکورپر بولڈ ہوگئے ہیں، عوام کو توقعات ہیں کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ ملکر کام کریں گے ، عمران خان نے رول آف لاء منوایا تھا ، مولانا صاحب کے ایوان میں نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ پارلیمنٹ کمزور ہوگئی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ معاشی اورسیاسی استحکام کاچولی دامن کا ساتھ ہے، حکومت نے اہداف سیٹ کئے ہیں، وزیراعظم نے جو کہا ہے وہ پورا کریں گے ، سب سے زیادہ لچک حکومت نے دیکھائی ہے ،ان کی پسند کے اسپتال پاکستان میں نہیں، قصور وار ہم تو نہیں ، یہ کسی سیاسی شخصیت کی نہیں بلکہ قانون کی خواہش ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کوئی مجرم پاکستان سے باہر جاتا ہے تو گارنٹی چاہیے ہوتی ہے، گارنٹی قانون کی خواہش ہے ، عوام کےجان ومال کاتحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، جہاں جہاں انکا پڑاؤ ہوگا قانون حرکت میں آئے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں