اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول کو زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کے گر سکھائے، بلاول اور ان کے والد نے نواز شریف کی حقیقت چھپا کر رکھی۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے نواز شریف کی سرجری کے حوالے سے تاریخ دی تھی، رانا ثنا میڈیا کی آنکھیں ترس گئی ہیں پلیٹ لیٹس دیکھنے کو، ایسی کیا بیماری ہے جس کا لندن میں بھی ڈاکٹرز علاج نہیں کرپارہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس بیماری کا نام اقتدار سے دور بیٹھنا ہے، اقتدار کے ساتھ جڑی بیماری لاعلاج بیماری ہے، اس بیماری کا ایک ہی علاج ہے اور وہ اقتدار کا نشہ ہے، دعاگو ہیں میاں صاحب جلد صحت یاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے ایک سہولت کار ہیں جو ملک سے فرار ہیں، اپوزیشن لیڈر کے دونوں چیمبر خالی پڑے ہیں، اس وقت ن لیگی قیادت میں قحط پڑا ہوا ہے، ن لیگی قیادت میں اس وقت زبان بندی ہے، مریم بی بی بھی کہیں نظر نہیں آرہیں، اب عوام کا درد بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہا ہے، اصل میں وہ عوام کا درد نہیں اقتدار کا درد ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ آج لاہوری اپنے کھربوں روپے کا حساب مانگ رہے ہیں، تمام فنڈز میگا پروجیکٹ بنانے پر لگائے گئے مگر مثبت اثرات نظر نہیں آئے، آج سینٹرل پنجاب کی تمام تنظیموں نے مینار پاکستان پر حلف اٹھایا ہے، گلے سڑے نظام سے چھٹکارے کے لیے کوششوں کے عزم کا اظہار کیا ہے، آپ نے پنجاب میں ن لیگ کے قلعے میں شگاف ڈال دیا۔