اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کو ملک کی نہیں حلوے کی فکر ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب بدعنوان عناصر کی خاطر مذہب کارڈ استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری اور مہنگائی کے ذمہ دار سابقہ حکمران ہیں، انہوں نے خزانے کو لوٹنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا ہے لٹیروں کو اصل جگہ پر پہنچائیں گے، ملک کا لوٹا گیا پیسہ عمران خان واپس لائیں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ ایران خلیجی خطے میں امن وسلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام کو سہولتیں دینے کے لیے پرعزم ہیں، آسان کاروباری مواقع کی فراہمی وزیراعظم کا وژن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں سے بیروزگاری میں کمی آئے گی اور روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، وزیراعظم کا امت مسلمہ کے لیے کردار بھی اہمیت کا حامل ہے۔
اس سے قبل اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم دنیا میں نیا، پرعزم، باوقار، روشن پاکستان متعارف کرا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی تقریرعالمی مدبر مسلم رہنما کا خطاب تھا، وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں امت مسلمہ کی ترجمانی کی۔