کراچی: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جس سیاہی نے اپوزیشن کا منہ کالا کیا اس پر یہ یوم سیاہ منارہے ہیں، قیدی قیدی ہوتا ہے جیل میں اے یا بی کلاس کا خاتمہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صف ماتم بچھائیں ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ان کا یوم سیاہ ناکام ہوگیا، عوام ان کے بیانیے کو مسترد کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی بونوں کا قد عمران خان پر تنقید کرنے سے اونچا نہیں ہوگا، سیاسی بونیں اپنا قد اونچا کرنے میں مصروف ہیں، بلاول پاپا، پھوپھو کی جعلی اکاؤنٹس میں نامزدگی کے بعد افسوس ناک حقائق کا جواب دیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کو درد 32 بے نامی جائیداد کا ہے یہ ہر آنے والے وقت میں بڑھے گا، جیل میں ایلیٹ کلب اور ایلیٹ گروپ نے مساوات کو چیلنج کررکھا ہے۔
مزید پڑھیں: ہم حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کر رہے ہیں، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ سندھ سے غربت، ایڈز کے خاتمے کے لیے ضرور اعلان جنگ کریں، بلاول سندھ کے اسپتالوں کی حالت زار بہتر کرنے کے لیے اعلان جنگ کریں، بلاول اسکول سے باہر بچوں کو واپس لانے کے لیے کردار ادا کریں، بلاول بھٹو کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے خلاف بغاوت کریں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں امیر اور غریب کے لیے علیحدہ قانون بنا کر رکھا تھا، قیدی قیدی ہوتا ہے اے یا بی کلاس کی تفریق کا خاتمہ کرنے ہماری حکومت آئی ہے، جیل میں کوئی امامت کے لیے اپنی سزا بھگتنے جاتا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جیلوں میں قانون کی حکمرانی ہو، جیل میں ٹی وی اور اے سی کی سہولت قانون کے ساتھ مذاق ہے، جیل میں طبقاتی نظام انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے اندر کچھ افراد ذاتی درد میں مبتلا ہیں، میڈیا کی آزادی اور حقوق کا تحفظ عمران خان کا وژن ہے۔