اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کا کشمیریوں کے ساتھ خون کا رشتہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ظلم کی انتہا کردی ہے.
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے گھروں کے باہر بھارتی فوجی کھڑے ہیں، کشمیریوں کو ان کے گھروں سے باہر نہیں نکلنے دیا جارہا ہے، پوری قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دنیا جان لے مودی انسانی حقوق کا قاتل بن گیا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے، مودی کے مظالم زیادہ دیر تک نہیں چل سکتے۔
مزید پڑھیں: کشمیری بھارتی مظالم سے تنگ آکر برہان وانی بن رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ مودی بیانیے کی ایک نہیں چلنے دیں گے، کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے، بھارت انسانی حقوق کا قاتل بن گیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں سے مذہبی آزادی بھی چھین لی گئی ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو سے کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے ساتھ ظلم کررہا ہے، کشمیری بھارتی مظالم سے تنگ آکر برہان وانی کررہے ہیں۔