لاہور: معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم بیانیے کی سیاسی موت بھی واضح دکھائی دے رہی ہے، ان کو سینیٹ میں بھی شکست کے آثار نظر آںا شروع ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات برائے پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مارچ قریب آرہا ہے، شاہی خاندان کا وطیرہ رہا ہے باہر جانے کے لیے کوئی سہارا لیا جائے، یہ اسی سوچ کی عکاسی لگ رہی ہے جو کہتے تھے جینا مرنا پاکستان میں ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب مریم نواز سرجری کا سہارا لے کر بیرون ملک جانے کا جواز تلاش کررہی ہیں، کرپشن کے کینسر سے نجات کے لیے ایک ہی سرجن ہے جن کا نام عمران خان ہے، کرپشن کی سرجری ہے تو وہ پاکستان میں عمران خان کے ہاتھوں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امید کرتی ہوں اس کے لیے ظل سبحانی کی جعلی رپورٹس نہیں آئیں گی، امید ہے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے سرجری پاکستان میں کرائیں گی۔
مزید پڑھیں: مریم نواز نے ایک بار پھر بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا، حکومتی ذرائع
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پہلے تو یہ پتا چلنا چاہیے کہ دماغ کی سرجری ہے یا آنکھوں کی، شاید ان کو عوام نظر نہیں آئے اس لیے آنکھوں کی سرجری کرانا چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے بھی بیماری اور علاج کی صورت میں بیرون ملک جانے کا اشارہ دے دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ صحت کا مسئلہ ہے سر کی سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہوسکتی، حکومت کو ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست بالکل نہیں دوں گی، ایک وزیر نے کہا مریم کو باہر بھیج دو معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، میں نہیں جاؤں گی آپ کو جانا ہوگا۔