اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

پارلیمنٹ افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کی بات ہو تو تمام جماعتیں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوجاتی ہیں، پارلیمنٹ افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ اتحاد اور یکجہتی سے ہر چیلنج سے نبرد آزما ہوئی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی قیادت نے قومی مفاد کو ترجیح دی ہے، سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔ سیاسی حریف ایک دوسرے پر تنقید کرتے رہتے ہیں، قومی سلامتی اور مفاد کی بات ہو تو تمام جماعتیں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے بیانیے کو پاکستان پر نچھاور کردیتی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ پیپلز پارٹی نے بہترین قومی مفاد میں تجاویز واپس لیں۔ پیپلز پارٹی نے اہم قانون سازی کے لیے حب الوطنی کا ثبوت دیا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک کو ضرورت پڑی تو سیاسی قیادت سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہیں۔ پرامید ہوں کہ پارلیمنٹ سے یہی یکجہتی آئندہ بھی نظر آئے گی۔ قوم کو مشکلات سے نکالنے کی جوائنٹ اسٹریٹجی کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے جس مقصد کے لیے پارلیمنٹ کو منتخب کیا اس کا مداوا ہونا چاہیئے، 2020 امید اور 22 کروڑ عوام کے ریلیف کا سال ہے۔ سیاسی استحکام آتا ہے تو اس کا فائدہ معیشت کو بھی پہنچتا ہے۔ سلامتی کے اداروں پر عدم استحکام جنم لے تو دنیا میں مثبت پیغام نہیں جاتا، پاکستان کے مخالفین کے پروپیگنڈے کو پارلیمنٹ نے دفن کردیا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، اداروں کو کام کرنے کے لیے طاقت اسی پارلیمنٹ نے دی ہے۔ حکومت اداروں کے کردار کو مضبوط کرنے کا کام کرتی رہے گی۔ اپوزیشن کی تجاویز قومی مفاد میں ہوئی تو حکومت ہچکچاہٹ نہیں دکھائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں