اسلام آباد : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے ہم مقبوضہ کشمیر میں امن تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے گھر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حریت رہنما یاسین ملک بھارتی فوج کے ہاتھوں استحصال کاشکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے جدوجہد آزادی میں اپنی جان کے نذرانے پیش کیے، مظالم کیخلاف علم بغاوت بلند کرنے پر کشمیری شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارتی مائنڈ سیٹ کو دنیا نے مسترد کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان سمیت ہر پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کیلئے پرعزم ہے، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لے کر جائے گا۔
پاکستان تمام عالمی تنظیموں کے دروازے پر جائے گا اور پاکستان کی طرف سے باربار کہا جارہا ہے کہ ہم کشمیریوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے جو بھی دستیاب آپشنز ہیں ان کو بروئے کار لائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کی حیثیت تبدیل کرکے ان کےحقوق پر ڈاکہ ڈالا، ہم مقبوضہ کشمیر میں امن تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بھارت کے مکروہ عزائم کو بےنقاب کرتا رہے گا۔
کشمیر پاکستانیوں کی رگوں میں خون بن کر دوڑتا ہے یہ دلوں کے رشتے اور بھی مضبوط ہوں گے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے منفی عمل کا مل کر مقابلہ کریں گے۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت کشمیر اور پاکستان کو جدا نہیں کرسکتی، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے حقیقی ترجمان بن کر سامنے آئے ہیں۔