ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

ناروے میں قرآن پاک کی توہین، پاکستان کا یورپی یونین میں معاملہ اٹھانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اوآئی سی اور یورپی یونین میں توہین قرآن کا معاملہ اٹھائیں گے، اسلامو فوبیا کابیانیہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں گزشتہ روز ناروے میں ہونے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی گئی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ توہین مذہب سے انتہا پسندی کی سوچ پروان چڑھتی ہے، ناروے میں توہین قرآن کے دلخراش واقعے سے دنیا بھر میں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے، اسلامو فوبیا کابیانیہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، یہ معاملہ اوآئی سی، یورپی یونین میں اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد پاس کی گئی ہے ، یہ قرار داد او آئی سی اور یورپی پارلیمنٹ میں پہنچائی جائیگی تاکہ مسلمانوں کے جذبا ت سے کھیلنے کے اس عمل کی حوصلہ شکنی ہوسکے، کور کمیٹی نے شرانگیز ی پرمشتمل بیانیہ اور اس کے ساتھ جڑے عناصر کی شدید مذمت کی ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں معاون خصوصی نے بتایا کہ معیشت میں پہلی باربجٹ خسارے میں قابو پالیا گیا، وزیر اعظم نے معاشی اعشاریوں میں بہتری پر معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، معیشت کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلئےواضع حکمت عملی کی ہدایت کی گئی ہے، کور کمیٹی نے بھی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نڈھال اور دلبرداشتہ اپوزیشن میڈیا میں آنے اور عوام کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹا پروپیگنڈا کررہی ہے، جعلی خبروں کاخاتمہ ہوناچاہئے، اجلاس میں الیکشن کمیشن سے متعلق اپوزیشن کے بیانیے پرتحفظات کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی اصطلاح کی مذمت کرتی ہے، لیگل ٹیم اپنا مؤقف الیکشن کمیشن کے سامنےرکھے گی، تحریک انصاف کادامن صاف ہے، فارن فنڈنگ کیس میں تمام سیاسی جماعتوں کو آڈٹ کیا جائے، کسی ایک جماعت کوٹارگٹ نہ کیاجائے، یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی حقائق چھپارہی ہے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے تمام ثبوت جمع کراچکی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں