اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا سندھ کوکھنڈرات میں تبدیل کرنےوالوں کوعوام نے مسترد کیا، خود کو بھٹو کا جانشین کہنے والے بچوں کی طرح آنسو بہا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ خود کو بھٹو کا جانشین کہنے والے بچوں کی طرح آنسو بہا رہے تھے، اپنے آنسوؤں کا حساب مانگنے والے سندھ کے غریبوں اور بچوں کے خون کے آنسوؤں اور آہوں کا حساب کب دیں گے؟ سندھ اور لاڑکانہ کے ایڈز میں مبتلا معصوم بچوں کی سسکیاں آپ کو سنائی کیوں نہیں دیتی؟
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاصوبہ سندھ کو مو نجودڑو اور آثار قدیمہ کے کھنڈرات میں تبدیل کرنے والوں کو پاکستان کے عوام نے مسترد کیا ہے، سپریم کورٹ کے معزز جج کے ریمارکس سندھ حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہیں۔
انھوں نے کہا بلاول صاحب عمران خان پر سیخ پا نہ ہوں، آپ کے والد پر مقدمات انہوں نے بنائے جن کے گھر جاکر آپ ضیافتیں اڑاتے ہیں، عمران خان کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ پاکستان میں قانون کے یکساں اطلاق اور عملداری کو یقینی بنا رہے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ابو کی کرپشن بچانے کے لئے آپ کی دھمکیاں اور غصہ ثابت کرتا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ جیت رہا ہے، سندھ میں اپنی حکومت کی کارکردگی پر توجہ دیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کرپشن سے ناطہ توڑیں ورنہ سندھ تک محدود ہوئی جماعت کو چند اضلاع میں بھی کوئی نہیں پوچھے گا۔