اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت آج اسلام آباد میں دسترخوان بچھے گا ،ناداروں کو کھانا کھلانا رسولﷺ کی سنت مبارک ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر احساس لنگر اسکیم کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت آج اسلام آباد میں دسترخوان بچھے گا، جہاں معاشرے کے ناداروں کے لئے لنگر کا اہتمام ہو گا، ناداروں کو کھانا کھلانارسول ﷺکی سنت مبارک ہے، اس کارخیر سے خدمت انسانیت، کمزوروں کے احساس کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت آج اسلام آباد میں دسترخوان بچھایا جائے گا جہاں معاشرے کے ناداروں کےلئے سیلانی لنگر کا اہتمام ہوگا۔کھانا کھلانا انبیاء کی سنت مبارکہ ہے۔ اس کارخیر سے صلہ رحمی، خدمت انسانیت، اور کمزوروں کے احساس کے جذبہ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) October 7, 2019
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ احساس کا جذبہ عام کرنے سے سماجی مسائل کے حل میں کامیابی ممکن ہے۔
معاشرے میں احساس کے جذبے عام کرنے سے سماجی مسائل حل کرنے میں بڑی کامیابی ممکن ہے۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) October 7, 2019
خیال رہے وزیراعظم عمران خان آج اسلام آباد میں“احساس سیلانی لنگر” اسکیم کا افتتاح کریں گے ، پروگرام کے تحت مستحق اور غریب افراد کے لئے کھانے کا اہتمام کیا جائے گا، اسلام آباد سے شروع کی جانے والی اس اسکیم کو ملک بھرمیں پھیلایا جائے گا ، لنگر اسکیم سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام “احساس” کا اہم جزو ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس احساس پروگرام سے متعلق کہا ہے کہ حساس لنگر‘‘ ایک مکمل طور پر مختلف اسکیم ہے، جو وزیراعظم کی ہدایت پر مستحق افراد کے لئے شروع کی جا رہی ہے ، یہ احساس لنگر اسکیم ضرورت مند افراد کو روزانہ کی بنیاد پر کھانا فراہم کرے گی۔