بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

بھارت کا دہشت گرد چہرہ دنیا کے سامنے آچکا ہے: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کشمیر اور پاکستان دونوں لازم و ملزوم ہیں، بھارت کا دہشت گرد چہرہ دنیا بھر کے سامنے آچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان قائد اعظم کے سپاہی بن کر سامراجی نظام کے خلاف لڑ رہے ہیں، سامراجی نظام کو ختم کرنا ہی عمران خان کی حکومت کی فتح ہے۔ نظام میں موجود کرپٹ عناصر کو 5 سال میں شکست دیں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نظریات اور ایمان کی طاقت سے پاکستان کو بدلیں گے، پنجاب میں نئی حکومت کو ڈیفالٹ بجٹ ملا۔ گزشتہ 10 سال میں پنجاب کا بجٹ خسارے میں چلایا گیا۔ گزشتہ حکومت گڑھے کھود گئی تھی۔ گزشتہ حکومت موجودہ حکومت کے لیے خسارے پر مبنی بجٹ چھوڑ گئی تھی۔ گزشتہ حکومت کے چھوڑے گڑھوں سے نکلنے کی حکمت عملی بنائی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کفایت شعاری مہم کا آغاز کیا، بہتری کے لیے ترجیحات بدل کر نئی حکمت عملی طے کی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کوشاں ہیں۔ جب قیادت کرپٹ ہو تو گھر گھر میں ڈاکو ہی پیدا ہوں گے۔ عمران خان جو ریفارم لے کر آئے 72 سالوں میں بھی ایسا نہیں کیا گیا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کشمیر اور پاکستان دونوں لازم و ملزوم ہیں، مودی نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ بھارت کا دہشت گرد چہرہ دنیا بھر کے سامنے آچکا ہے۔ مودی کا اقدام جمہوریت اور بین الاقوامی قوانین پر حملہ ہے۔ یوم پاکستان یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منائیں گے، ہم کشمیریوں کے لیے فرسٹ لائن آف ڈیفنس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے زمینی اور مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، کاروباری طبقے نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستان میں 14 اگست کو قومی جھنڈے کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرایا جائے گا۔ چین نے کشمیریوں کے بیانیے کو درست کہا اور بھارت کی مخالفت کی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قوم مشکل فیصلے کرنے میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہو، بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف سلامتی کونسل میں جا رہے ہیں۔ مودی نئے دور کا نیا ہٹلر ہے۔ 15 اگست یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، کالے پرچم لہرائیں گے۔ 14 اگست کو ریلیاں نکال کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھے گا، کشمیر پر حملہ اور ناانصافی پاکستان پر حملے کے مترادف ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں