اسلام آباد : معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا امید ہے جاتی امرا میں 6 ہفتےگزارنے سے نواز شریف کا ذہنی تناؤ دور ہوگیا ہوگا ، اللہ کرے میاں صاحب جیل میں پھر سےبیمار نہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل واپسی پر کہا اللہ کرے میاں صاحب جیل میں پھر سےبیمار نہ ہوں، امید ہے جاتی امرا میں 6 ہفتے گزارنے سے ان کا ذہنی تناؤ دور ہوگیاہوگا۔
اللہ کرے میاں صاحب جیل میں پھر سے بیمار نہ ہوں، امید ہے جاتی عمرہ میں چھ ہفتہ گزارنے سے ان کا ذہنی تناؤ دور ہوگیا ہوگا۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) May 7, 2019
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا نوازشریف اس وقت سیاست سےلاتعلق ہیں، لاؤلشکرکے ساتھ سڑک پرنکلیں گےدیکھتےہیں وہ اپنی پارٹی کویا حکومت کو للکارتے ہیں۔
خیال رہے علاج کیلئے ضمانت پر رہا ہونے والے نواز شریف اپنی چھ ہفتوں کی رہائی مکمل ہونے پر خود کو آج کوٹ لکھپت جیل حکام کے حوالے کریں گے، سابق وزیراعظم کو لیگی کارکنان جلوس کی شکل میں ان کی رہائش گاہ سے جیل تک لے کر آئیں گے۔
مزید پڑھیں : نوازشریف آج واپس جیل جائیں گے
قافلے کی قیادت ان کی صاحبزادی مریم نواز کریں گی اور نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل پہنچائیں گی۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے 6 ہفتوں کی ضمانت میں مزید توسیع کے لیے دائر کی گئی درخواست مسترد کردی تھی، چیف جسٹس نے کہا تھا کہ ضمانت علاج کے لیے دی تھی، آپ نے ٹیسٹ پر صرف کردی، ہم تو یہ سمجھیں گے ان کی جان کو خطرہ نہیں ہے۔
نواز شریف کو علاج کے لئے سپریم کورٹ سے 6 ہفتے کی ضمانت ملی تھی لیکن انہوں نے علاج نہ کرایا، 6 ہفتے میں نواز شریف صرف طبی معائنے کے لئے 7مرتبہ اسپتال گئے اور ایک دن بھی اسپتال میں داخل نہیں ہوئے۔