اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری پر نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ حکومت جو اصلاحات لارہی ہے، کابینہ اجلاس میں ان پر تبادلہ خیال ہوا، دورہ چین میں باہمی تجارت کا فروغ اور دیگرامور زیر غور آئے.
انھوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ایف ٹی اے اور ایم ایل ون کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، اجلاس میں دیوانی مقدمات ڈیڑھ سے 2 سال میں نمٹانے کی تجویز دی گئی، انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی پروٹیکشن بل لارہے ہیں، عدالتی اصلاحات سے متعلق بل بھی ایوان میں لائیں گے.
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسکولوں میں اساتذہ کے بچوں پرتشدد کو جرم قرار دینے کا بل لائیں گے، بچوں سے جنسی زیادتی کی روک تھام کے لئے اقدامات کررہے ہیں،سخت قوانین لائے جائیں گے، بل کانام زینب الرٹ بل رکھا گیاہے، رمضان میں لوڈشیڈنگ کی کمی اور رمضان پیکج کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی، معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے لئے وسل بلوور بل لارہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنےسے معیشت پر اثرات پڑتے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پراوگرا کی سمری دوبارہ ای سی سی کوبھیجی گئی ہے، ایران پرپابندیوں کےباعث عالمی سطح پرتیل کی قیمتیں بڑھی ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی الحال اضافہ نہیں ہورہا.
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آنے والی نسلوں کی بقا کے لئے کام کر رہے ہیں، ٹور ازم سے پاکستان کی ترقی اور خوش حالی جڑی ہے، پاکستان کومعاشی چیلنجزکا سامنا ہے، حکومت درپیش مسائل کےحل کے لئے مناسب قانون سازی کرے گی. سیاحت کے ذریعے ملازمتوں کےنئے مواقع فراہم کریں گے.
پی ٹی ایم کس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے؟
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی ایم نے قومی سلامتی سے متعلق منفی پروپیگنڈے کیے، قبائلی علاقے میں رہنے والا ہرشخص پی ٹی ایم کی سوچ نہیں رکھتا، پی ٹی ایم کے اندرپاکستان مخالف عناصرگھس گئے ہیں، ایسےعناصرکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا، کل جوپالیسی شیئرہوئی، اب اسےسیاسی قیادت تفصیل سے شیئرکرے گی.
ان کا کہنا تھا کہ حکومت، افواج پاکستان ایک پیج پر ہیں، پی ٹی ایم کے تانے بانے ملک دشمن عناصرسے ملتے ہیں، پی ٹی ایم میں کچھ ایسےعناصرہیں جنہیں بیرونی آقاؤں کی آشیرباد ہے.