اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام سزائے موت کی قرارداد کی حمایت کردی اور کہا پارلیمنٹ سے قرارداد منظور ہونا خوش آئند ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام سزائے موت کی قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نشاندہی کرتےرہےکہ ہماری بیٹیاں اور بچیاں مستقبل ہیں، زیادتی کےملزمان کوسرعام سزائیں ملنی چاہئیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بڑھتے جرائم کی حوصلہ شکنی کی اشدضرورت تھی، پارلیمنٹ سے سپریم ادارہ کوئی نہیں ہے ، پارلیمنٹ سے قرارداد منظور ہونا خوش آئند ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہا سخت سے سخت سزائیں پارلیمنٹ سےتجویزہونی چاہئیں، اس اہم ایشو پرہم سب یکجا ہیں ، اس طرح کے مجرموں کوکوئی سیاسی جماعت یامعاشرہ تحفظ نہیں دےگا۔
یاد رہے قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سر عام سزائے موت دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی تھی،یہ قرارداد وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی تھی ، تاہم پیپلز پارٹی نے قرارداد کی مخالفت کی۔
مزید پڑھیں : قومی اسمبلی: بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام سزائے موت دینے کی قرارداد منظور
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ زیادتی کے مجرموں کے لیے وزیر اعظم سزائے موت چاہتے ہیں، جب کہ قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی میں بچوں سے زیادتی کے ملزمان کو سزائے موت کا مطالبہ آیا تو مخالفت کی گئی، اس کمیٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں۔
بعد ازاں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری اور وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام سزائے موت کی قرارداد کی مخالفت کی گئی تھی۔