اسلام آباد : مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی لڑائی غربت اور سامراجی نظام کیخلاف ہے، مہنگائی ضرور ہے لیکن عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
یہ بات انہوں نے اسلام ۤآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پائیدارترقی کے اہداف کا حصول حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
اقوام عالم معاشی ترقی، سماجی اعشاریوں میں بہتری کی کوشش کرتی ہیں، معیار زندگی میں بہتری کے بغیر ترقی کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہوتے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر تمام صوبے بھی کام کررہے ہیں، دنیا گلوبل وارمنگ کا شکار ہے، پاکستان بھی اس سے متاثر ہورہا ہے، اسی لئے وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں بلین ٹری تحریک کا آغاز کیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ان کی لڑائی غربت اور سامراجی نظام کیخلاف ہے، یہ نیا پاکستان ہے، تبدیلی کے سفرمیں مشکلات سے گھبرانا نہیں،72سال کا گند ایک دن میں ختم نہیں ہوتا۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اسلام نے سب سے پہلے خواتین کو بااختیار بنانے کادرس دیا، وزیراعظم کی پالیسی کا محور ریاست مدینہ سے جڑا ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول خواتین کو بااختیاربنانے سے جڑا ہے۔
انہون نے کہا کہ ملک آگے لےجانے کیلئےخواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہوگا، خواتین کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے کام کررہے ہیں، خواتین کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی پرکام کررہے ہیں، خواتین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر برآمدات کو بڑھایا جاسکتا ہے۔