اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا بڑا ایجنڈا یہی ہے کہ ملک میں یکساں انصاف فراہم ہو، حکومت میں سسٹم کو بدلنے آئے ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ راناثناءاللہ آج کل اپنا فرمان جاری کررہے ہیں۔
ان کا بیان اپنی ذات پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، رانا ثناءاللہ کہتے ہیں کہ نیا الیکشن ہو اور عوام کی حقیقی نمائندگی آئے، انہیں عوام کی آواز تب سنائی دی جب وہ الیکشن ہار گئے کیا، جہاں ان کی جماعت ہاری وہاں پر سلیکشن ہوئی؟
انہوں نے کہا کہ دو خاندان نسل درنسل پاکستان پر حکمرانی کرتے چلے آرہے ہیں، یہ کہتےہیں کہ یہ دو خاندان نہیں تو کسی کی بھی حکمرانی نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کا بڑا ایجنڈا یہی ہے کہ ملک میں یکساں انصاف فراہم ہو۔
ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ میں مانتی ہوں کہ کافی باتوں کی نشاندہی کی گئی جسے دیکھنےکی ضرورت ہے، حکومت میں سسٹم کو بدلنےآئے ہیں، حکومت کے پاس غلطیوں کی گنجائش بہت کم ہے۔
رزاق داؤد ایشو پرمجھ سےکہا گیا کہ آپ شیئر کریں ان کا کمپنیوں سے تعلق نہیں، مراد سعید نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا جہاز کہاں کہاں استعمال ہوا؟
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ کس نے ان کو کہا تھا کہ ایک شخص کے دل کے علاج پر32کروڑ خرچ کریں، علاج کیلئے قوم کے پیسوں سے777بوئنگ لے کر پھرتے رہے، انکوائری کمیشن بننے کے بعد اب نیا بیانیہ سامنے آیا ہے، انکوائری کمیشن بنتے ہی ایک دم سے انہیں اے پی سی بلانی یاد آئی۔
عمران خان کا قوم سے وعدہ ہے کہ ان کےلوٹے گئے پیسےواپس آئیں گے، حفیظ شیخ کو اس وقت کے وزیراعظم ہدایات دیتے تھے، پاورفل لوگوں کا مجھ سے لینا دینا نہیں، پی ٹی آئی کی چھوٹی سی کارکن ہوں۔