اسلام آباد: معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ایک سانس میں جمہوریت کی حمایت تو دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بلاول! آئندہ سال الیکشن کی بات بی بی شہید کے فلسفے کی نفی ہے، بی بی شہید نے کہا تھا جمہوری حکومتوں کو مدت پوری کرنی چاہیے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول ایک سانس میں جمہوریت کی حمایت تودوسرےمیں مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچا کرمارچ کامیاب قرار دینے والوں کی عقل پرماتم ہی کیا جاسکتا ہے۔
بلاول صاحب اگلے سال نئے انتخابات کی بات کر کے آپ نے بی بی شہید کے فلسفے، "جمہوری حکومتوں کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے" کی نفی کر دی۔آپ ایک سانس میں جمہوریت کی حمایت تو دوسرے میں مخالفت کرتے ہیں۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) November 15, 2019
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی نے مارچ سے متعلق اپنے وعدے پورے کیے ہیں لیکن مولانا اور رہبر کمیٹی نے پلان کے بارے میں ہمیں کچھ نہیں بتایا۔
انہوں ںے کہا تھا کہ کراچی سے مارچ شروع ہوا تو پیپلزپارٹی رہنما ان کے ساتھ تھے لیکن آج کل مولانا فضل الرحمان ق لیگ سے رابطے میں ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ مسائل کا حل جمہوریت ہے، پیپلزپارٹی کا مطالبہ ہے کہ نئے الیکشن صاف و شفاف ہوں۔