سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیرخطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے شہداء قوم کا فخرہیں، ہمیں 1965 والے جذبے اور بے مثال اتحاد کی ضرورت ہے، آج تجدید عہد کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے منایا جا رہا ہے، آج شہداء اورغازیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ اور دفاعی حصار ہے، مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ آج شہداء اورغازیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، شہداء نے جانوں کا نذرانہ دے کر تابناک تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی 1965 والے جذبے کی ضرورت ہے۔
ملک بھرمیں یوم دفاع کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منایا جا رہا ہے
واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔
یوم دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔
شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔