اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف یہاں اپنے آپ کو فرشتہ ثابت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں فردوس عاشق اعوان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے شہبازشریف برطانیہ میں عدالت نہیں جائیں گے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ شہبازشریف جانتے ہیں ان کا موقف جھوٹ کا پلندا ہے، برطانیہ میں فیصلے کسی کی خواہشات کے مطابق نہیں ہوتے، برطانیہ میں حقائق کی بنیاد پرانکوائری، فیصلے ہوتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں شہبازشریف برطانیہ کی عدالتوں میں جائیں، شہبازشریف یہاں اپنے آپ کوفرشتہ ثابت کرتے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ شہبازشریف کس کی آنکھوں میں مرچیں ڈال رہے ہیں، یہ اتناجھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگنے لگ جائے، ان کا وتیرہ ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان سے فنڈزکے معاملے پرہی تحقیقات ہو رہی ہیں، ٹی ٹیزسے جڑی مشتبہ ٹرانزیکشنزاور جائیداوں کی تحقیقات ہوں گی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو انہوں نے بویا وہ کاٹنا تو پڑے گا، انہوں نے محکموں کوکھوکھلا کیا،اس کا آڈٹ تو ہوگا۔
شہبازشریف نے زلزلہ متاثرین کی امداد میں لاکھوں پاؤنڈ کی خورد برد کی، برطانوی اخبار
یاد رہے کہ 2 روز قبل برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے زلزلہ متاثرین کی امداد میں لاکھوں پاؤنڈ کی خورد برد کی، خادم اعلیٰ نے ڈی ایف آئی ڈی فنڈ پروگرام سے بھی چوری کی۔