اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی فوجی بی جے پی کے کارندے بن چکے ہیں، دنیا بھارتی فوج کے ذہنی بیماروں کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی ریٹائرڈ جنرل نے ٹی وی پر گھٹیا بیان دیا، اخلاق سےعاری سوچ مودی کے نازی ازم کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔
بھارتی ریٹائرڈ جنرل کی ٹی وی پر کشمیری خواتین کے ریپ کی حمایت کے گھٹیا بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اخلاق سے عاری اور فسطائیت سے بھرپور یہ سوچ مودی کے نازی ازم کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔
— Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) November 18, 2019
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایسے بیانات کشمیرمیں زندگی معمول پر آنے کے دعوے کی کھلی تردید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کشمیری ماؤں اور بہنوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کشمیری خواتین نے جرات، شجاعت اور بہادری سے بھارتی جبر و ظلم کا مقابلہ کیا، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں قربانیاں ناقابل فراموش باب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوجی بی جے پی کے کارندے بن چکے ہیں، دنیا بھارتی فوج کے ذہنی بیماروں کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرے۔
دوسری جانب اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی بچگانہ گفتگو کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا، پی پی چئیرمین خیالی پکاؤ بنا کرخود کو تسلیاں دے رہے ہیں، بلاول بھٹو وزیراعظم پر تنقید کر کے اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آوارہ کتے مار نہیں سکتے، وزیراعظم کو گھر بھیجنے کی بات کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی پی کے مینڈیٹ پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔
سابق بھارتی جنرل کی کشمیری خواتین سے درندگی کی حمایت پر لوگ مشتعل
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کے سابق جنرل ایس پی سنہا نے کھلے عام کشمیری خواتین سے درندگی کی حمایت کی تھی۔