اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ فسطائی مودی کشمیرمیں ظلم وسفاکی کا بھیانک باب رقم کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم نے مقبوضہ جموں کشمیر کےعوام سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم کی قیادت میں پوری قوم نے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا۔ عمران خان نے قوم کے حقیقی جذبات کو دُنیا تک پہنچاتے ہوئے آخری دم تک مظلوم کشمیر یوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑےرہنے کے آہنی عزم کا اعادہ کیا۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) August 31, 2019
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر میں بھارت نے زندگی اجیرن بنا دی ہے، کشمیرکا رابطہ کٹ چکا ہے، اشیائے خورونوش اور دواؤں کی قلت ہے، شدید بیمار اور ضعیف بھی طبی سہولتوں تک رسائی سے محروم ہیں۔
فسطائی مودی کشمیر میں ظلم و بربریت اور سفاکیت کابھیانک باب رقم کر رہا ہے۔کشمیر میں بھارت نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ کرفیو کو 26 دن ہوئے ، کشمیر کا رابطہ دنیا سے کٹ چکا ، اشیاء خورد و نوش اور ادویات کی شدید قلت، شدید بیمار اور ضعیف بھی طبی سہولیات تک رسائی سے محروم ہیں۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) August 31, 2019
مقبوضہ کشمیرمیں 27ویں روز بھی کرفیو
مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 27ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔
راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔