اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو طبعیت ناسازی پر پمزاسپتال منتقل کردیاگیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، ترجمان وزارت اطلاعات نے کہا دانت کی تکلیف پر دوا کھانے سے ری ایکشن ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو طبعیت ناساز ہونے پر پمزاسپتال منتقل کردیاگیا، فردوس عاشق کو پمز کارڈیک سینٹر کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا، جہاں شعبہ امراض کلب کے ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
ذرائع پمز کا کہنا ہے کہ فردوس عاشق کی طبعیت دوا کے ری ایکشن سے خراب ہوئی ، ری ایکشن پر انھوں نے گھبراہٹ کی شکایت کی، ڈاکٹرز نے انھیں اینٹی الرجک انجکشن لگادیا ہے، جس کے بعد فردوس عاشق اعوان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب ترجمان وزارت اطلاعات ونشریات نے کہا معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی طبعیت اب بحال ہے، دانت کی تکلیف پر دوا کھانے سے ری ایکشن ہوا تھا، جس پر انھیں اسپتال لےجایاگیاتھا، جہاں طبی امداد کے بعد طبیعت بحال ہوگئی۔
مزید پڑھیں : معززجج کا بیان آنے کے بعد ابوبچاؤ مہم فلاپ ہوچکی ہے، فردوس عاشق اعوان
یاد رہے گذشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اداروں میں ٹھوس اصلاحات کر رہے ہیں، وزیراعظم اداروں کوپاؤں پرکھڑا کرنے کے لیے پرعزم ہیں، مضبوط ادارے ملکی استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیرہیں۔
اس سے قبل مشیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا احتساب عدالت کے معزز جج کا بیان آنے کے بعد ابو بچاؤ مہم فلاپ ہو چکی۔ وزیراعظم عوام بناتے ہیں ۔قوم نے ہی لٹیروں کو اس انجام تک پہنچایا۔ اپنے ووٹ کی طاقت سے لٹیروں کو نظام سے ہی باہر پھینک دیا۔بیگم صفدر اعوان کے شیخ چلی کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں۔