لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جھوٹوں اور بدعنوانوں کی چیخ و پکار کی پرواہ کیے بغیر تحریک انصاف حکومت عوامی خدمت اور ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پی ڈی ایم کا کرپٹ ٹولہ سیاہ کرتوتوں سے اپنے منہ پر کالک ملنے کے بعد اب ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
جھوٹوں، بدعنوانوں کی چیخ و پکار کی پرواہ کئے بغیر تحریک انصاف حکومت عوامی خدمت اور ترقی کا سفر جاری رکھے گی! حکومت تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے مگر کرپشن کے آقاؤں اور انکی اولادوں کو قانون سے پنجہ آزمائی مہنگی پڑیگی!
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) January 8, 2021
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جتنی چاہے ٹپوسیاں لگائے کرپشن اور ڈاکوں کا حساب دینا ہوگا۔ سیاسی کشتی کو ڈوبتا دیکھ کر غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے فضل الرحمٰن پاکستان کے قیام اور استحکام دونوں کے مخالف ہیں۔
انہں نے کہا کہ جھوٹوں اور بدعنوانوں کی چیخ و پکار کی پرواہ کیے بغیر تحریک انصاف حکومت عوامی خدمت اور ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، مگر کرپشن کے آقاؤں اور ان کی اولادوں کو قانون سے پنجہ آزمائی مہنگی پڑے گی۔