جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

وزیر اعظم کے خطاب سے کشمیر کاز نئی قوت سے دنیا کے سامنے آئے گا: فردوس عاشق اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم کے خطاب سے کشمیر کاز نئی قوت سے دنیا کے سامنے آئے گا۔ وہ قوم اور کشمیریوں کی خواہشات کو عالمی برادری تک پہنچائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اپنی آزادی کے لیے پرعزم مظلوموں کا سفیر آج دنیا کے سب سے بڑے ایوان میں کشمیریوں کی پکار بنے گا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان اقوام متحدہ کو کشمیریوں سے کیے ہوئے ان کے وعدے یاد دلائیں گے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم کے خطاب سے کشمیر کاز نئی قوت سے دنیا کے سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پر زور اور ٹھوس انداز سے کشمیریوں کا مقدمہ جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے، وہ قوم اور کشمیریوں کی خواہشات اور جذبات کو عالمی برادری تک پہنچائیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ دنیا کو کشمیر کے مظلوموں کا ساتھ دینا ہوگا، گزشتہ سات دہائیوں میں کشمیریوں کے حق میں سب سے زیادہ توانا آواز وزیر اعظم عمران خان کی ہے جو آج قریہ قریہ نگر نگر سنائی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ناروے کے وزیر اعظم، انڈونیشیا کے نائب صدر، روسی وزیر خارجہ اور وال سٹریٹ جرنل کے اداراتی بورڈ سے ملاقاتوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال، انسانی حقوق کی پامالیوں، اور خطے کے امن کو لاحق شدید خطرات سے آگاہ کیا۔

اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہیومن رائٹس واچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو بتایا کہ بھارتی افواج وادی میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بتایا کہ دنیا کو خونریزی روکنے کے لیے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں