اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے آج کابینہ اجلاس میں غلام سرور کی ان پر برہمی کی خبروں کو غلط قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے تردید کر دی ہے کہ کابینہ اجلاس میں ان پر وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان برہم ہوئے، انھوں نے کہا کہ مجھ پر برہمی کے حوالے سے خبریں غلط ہیں۔
فردوس عاشق نے کہا کہ کابینہ کے حوالے سے جھوٹی خبر دی گئی ہے، میں نہیں سمجھتی کہ ایک چینل کے رپورٹر کی خبر اتنی اہم ہوگی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ چینل کے رپورٹر نے میرا مؤقف لیے بغیر ادھوری خبر دی، میں چینل کے رپورٹر کو لیگل نوٹس بھجواؤں گی، کابینہ اجلاس میں مجھ پر برہمی کے حوالے سے خبریں غلط ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کابینہ اجلاس: غلام سرور فردوس عاشق پر برہم، معاون خصوصی کی معذرت
دوسری طرف ترجمان وزیرِ اعظم ندیم افضل چن نے بھی غلام سرور اور فردوس عاشق اعوان کے معاملے کی تردید کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ کابینہ میں ایسا کوئی معاملہ پیش نہیں آیا۔
خیال رہے کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غلام سرور فردوس عاشق اعوان پر برہم ہوئے تھے، انھوں نے کہا کہ آپ نے میرے خلاف بیان کس حیثیت سے دیا، آپ میرے بارے میں بیان دینے سے پہلے سوچا سمجھا کریں۔
جس پر معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کابینہ اجلاس میں اپنے بیان پر معذرت کر لی۔ بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی بیان پر ناراضی کا اظہار کیا، اور اجلاس میں فردوس عاشق کو تنبیہہ کی گئی کہ وہ عقل سے سوچ سمجھ کر بات کیا کریں۔