اسلام آباد: وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے آئی ایم ایف پیکج پر کہا ہے کہ یہ پاکستان کی معاشی محاذ پر کلیدی کام یابی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے پیکج کی منظوری عمران خان کے اکنامک وژن پر اعتماد ہے۔
مشیر اطلاعات نے مزید لکھا کہ آئیے سب مل کر مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھیں، عمران خان مضبوط پاکستان کا نشان ہیں۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی ہے، یہ پیکج عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے پاکستان کے لیے بڑی خبر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی
آئی ایم ایف کے ترجمان گیری رائس نے ٹویٹر کے ذریعے پیکج کی تصدیق کی اور کہا کہ پاکستان کے لیے یہ پیکج 39 ماہ کے لیے ہوگا۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قرض کی منظوری کے بعد ایک ارب ڈالر فوری ملیں گے، آئی ایم ایف پیکج پاکستان کی معاشی مشکلات دور کرے گا، پیکج سے پبلک ڈیٹ میں کمی لائی جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ زر مبادلہ کی شرح کا تعین مارکیٹ خود کرے گی، آئی ایم ایف پیکج سے توانائی شعبے کے خسارے کو کم کیا جائے گا، پیکج سے اداروں کو مضبوط، شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔