کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اکثریت کی وجہ سے اپوزیشن کو نہیں سنا جاتا۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ نہیں دیں گے تو ہم نے کسی کمیٹی میں نہیں جانا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی کا چیئرمین ہو اس کے ممبرز زیادہ ہوتے ہیں، قومی ہو یا صوبائی اسمبلی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن کا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کو اے پی سی کی چیئرمین شپ نہیں دی جارہی، دوسری طرف قومی اسمبلی میں شور کیا جا رہا ہے۔ پی اے سی نہیں دیں گے تو ہم نے کسی کمیٹی میں نہیں جانا۔ ’میں 3 جماعتوں کی طرف سے بات کر رہا ہوں‘۔
فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ ممبرز ڈے کو پیپلز پارٹی چلنے نہیں دیتی، سندھ اسمبلی میں اکثریت کی وجہ سے اپوزیشن کو نہیں سنا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ رمشا وسان قتل پر سندھ اسمبلی میں بحث کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، رمشا وسان کو 9 گولیاں ماری گئیں، منور وسان شاید اس میں ملوث ہیں۔ منور وسان جس طرح اسمبلی میں بھڑک اٹھے لگتا ہے وہ ملوث ہیں۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ اسپیکر کا جانبدارانہ رویہ 3 مرتبہ دیکھ چکے ہیں، رمضان گھانچی، رمشا کیس اور آج پرائیویٹ ممبرز ڈے پر رویہ دیکھ لیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آغا سراج درانی کے رویے سے دقت ہو رہی ہے، آغا سراج درانی صاحب کیسز آپ کے خلاف بھی ہیں۔ تحریک انصاف کا اصولی مؤقف ہے غلط کام کروں تو پارٹی ساتھ نہیں ہوگی۔
فردوس شمیم نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کرپشن کے خلاف ہے وہ کسی کرپٹ بندے کا ساتھ نہیں دے گی، علیم خان پر ایک مقدمہ ہے جو ابھی ثابت نہیں ہوا۔