پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ عمران خان جس حلقے سے جیتے وہاں سے پی ٹی آئی ایک یوسی بھی نہیں جیتی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد اس پر اعتراضات اٹھائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کو ووٹ پڑ جائیں یہ سمجھ سے باہر ہے۔ شہر قائد سے پی پی کی جیت سمجھ نہیں آ رہی۔
پی ٹی آئی رہنما نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال سے پی پی کی حکومت ہے اور شہر بدل گیا۔ کراچی میں کوئی سڑک ٹوٹی ہوئی نہیں ہے؟ پانی بھی آ رہا ہے؟ کوڑا بھی اٹھ رہا ہے؟ آخر کراچی والوں کو سمجھا کیا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ آخر ایک ماہ میں ایسا کیا ہوگیا کہ جس حلقے سے عمران خان نے قومی اسمبلی کا ضمنی الیکشن جیتا تھا وہاں پی ٹی آئی ایک بھی یوسی نہیں جیت سکی۔ ہمیں ہار سے ڈر نہیں بلکہ الیکشن میں شفافیت چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ووٹ کراچی میں ہے وہ کہیں نہیں گیا، عمران اسماعیل
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن والے دن بھی مختلف جماعتوں کے اشتہارات چلتے رہے۔ جماعت اسلامی اور پی پی کی انتخابی مہم کا بھی الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔