کراچی: مرکزی قیادت کے مطالبے پر اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی مستعفی ہوگئے ہیں، ساتھ ہی ان کے استعفے کی اندرونی کہانی بھی منظر عام پر آگئی ہے۔
سینیٹ انتخابات سے قبل پی ٹی آئی سندھ میں بڑی تبدیلی ہوئی ہے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی مستعفی ہوگئے ہیں، گذشتہ روز فردوس شمیم نقوی کی رہائش گاہ پر ایم پی ایز ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز فردوس شمیم نقوی کی رہائش گاہ پر پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کی اہم بیٹھک ہوئی، جس میں فردوس شمیم نقوی نے مرکزی قیادت کیجانب سے استعفی طلب کیےجانےپر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوبیس سال سے پارٹی کیساتھ ہوں مجھ سے دوسری مرتبہ استعفی مانگا گیا، پارٹی کیلئے استعفی دے رہا ہوں، اب دوبارہ اس سیٹ پر نہیں آؤں گا۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس قلت پر وفاقی حکومت کیخلاف متنازع بیانات اور خراب کارکردگی اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی کے استعفےکی وجہ بنی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ میں سینیٹ الیکشن سے پہلےتبدیلی کا فیصلہ پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینےکیلئےکیا گیا ہے۔
دوسری جانب چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ نیازی نے فردوس شمیم نقوی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ اب آپ آپ بطور وزیراعظم کے فوکل پرسن سندھ کی ذمہ داری نبھائیں۔
پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کا موقف تھا کہ جس دن سوئی گیس پر بیان دیا اسی وقت معافی کے ساتھ استعفیٰ پیش کیا تھا، پارٹی ورکر ہوں، میرا استعفیٰ چیئرمین کے پاس ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی مرضی ہے وہ منظور کریں یا نہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی جانب سے فردوس شمیم نقوی سے استعفیٰ طلب
واضح رہے کہ گذشتہ روز سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سے مرکزی قیادت نے استعفیٰ طلب کیا تھا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کا پیغام فردوس شمیم نقوی کو پہنچایا تھا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کی جگہ حلیم عادل شیخ کو سندھ کا اپوزیشن لیڈر بنائے جانے کا امکان ہے۔