کراچی : سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے سرکلر ریلوے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ سرکلر ریلوے متاثرین کو پہلےرہائش فراہم کی جائے، ریلوے ٹریک بچھانے کے دوران مکانات کو مسمار کیا جائے۔
فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ متاثرین کو سرکاری اسکیموں میں رہائش فراہم کی جائے، ہرخاندان کو 3 کمروں کی رہائش فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کی اجازت دینے والوں کو سزا دی جائے، ایسی کارروائی نہ کی جائے جو سپریم کورٹ کے احکامات کے منافی ہو۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو حکم دیا تھا کہ ایک ہفتے میں کراچی کی سرکلر ریلوے کے لیے زمینوں سے قبضے ختم کرائے جائیں۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ جو کچھ راستے میں آتا ہے سب توڑ دیں، ریلوے کی ہاوسنگ سوسائٹیز ہوں یا پیٹرول پمپ سب گرائیں، ہمیں اصل حالت میں کراچی سرکلر ریلوے چاہیے۔