کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع ٹیکسٹائل مل کے گودام میں لگی آگ پر10 گھنٹے بعد بھی قابوپایا نہ جاسکا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں حبیب چورنگی کے قریب واقع ٹیکسٹائل مل کے گودام رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا، 12 سے زائد فائربریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث گودام کے ایک حصے کی چھت منہدم ہوگئی ہے۔
چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ گودام میں 80 فیصد سے زائد آگ پرقابو پالیا گیا ہے، پانی کے ساتھ فوم کی مدد سے آگ بجھانے میں مدد لی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگ کوپھیلنےسے روک لیا گیا ہے، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق ٹیکسٹائل مل کے گودام میں لگنے والی آگ کے تیجےمیں لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکسترہوگیا۔
دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے گودام میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے کلفٹن میں بلاول ہاؤس کے قریب رہائشی عمارت میں واقع دکانوں میں آگ لگ گئی تھی۔ کلفٹن اور کے ایم سی فائر بریگیڈ نے 5 گاڑیوں کی مدد سے آگ پرقابو پالیا تھا۔