اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔ حادثے میں 4 افراد جھلس کر معمولی زخمی ہوئے جبکہ عمارت جل کر خاکستر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 میں واقع پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں نے ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
حادثے میں آگ سے 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر پولی کلینک منتقل کیا گیا اور طبی امداد دی گئی۔
پولیس کے مطابق آگ لگنے کے بعد متعدد افراد کو عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔ تشویشناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے آس پاس کی عمارتیں بھی خالی کروا لی گئیں۔
آگ بجھانے کے بعد فائر اینڈ ریسکیو عملے نے پی آئی ڈی بلڈنگ کو کلیئر قرار دے دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جلنے والی عمارت میں کوئی شخص موجود نہیں۔
فائر اینڈ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سیلنگ کے باعث آگ تیزی سے پھیلی۔
عمارت میں موجود تمام ریکارڈ محفوظ ہے: فواد چوہدری
حادثے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جائے وقوع پر پہنچے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کریں گے، سیکریٹری انفارمیشن کی قیادت میں کمیٹی بنا دی ہے۔ بہت سے آفس محفوظ ہیں، شکر ہے آگ پر بروقت قابو پالیا گیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمارت میں انفرا اسٹرکچر کے مسائل ہیں، بجلی کو بھی نہیں دیکھا گیا۔ عمارت کا کروڑوں روپے کا کرایہ دیا جا رہا تھا جس کا نوٹس لیا تھا۔ ’حکومت کی اپنی عمارتیں خالی ہیں اور کرائے پر عمارتیں لی گئی ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مہنگے دفاتر پر توجہ دی گئی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ریکارڈ کے مسائل پیدا نہیں ہوں گے کیونکہ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں۔ ’عمارت میں موجود تمام ریکارڈ محفوظ ہے‘۔