ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کراچی: گلشن اقبال میں واقع عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، 2 افراد جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 17 منزلہ عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، افسوسناک حادثے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق آتش زدگی کا واقعہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال ممتاز منزل کے قریب پیش آیا جہاں عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ مذکورہ عمارت 17 منزلوں پر مشتمل ہے جبکہ عمارت میں دفاتر ہیں، علاوہ ازیں رہائشی منازل پر شہری بھی رہائش پذیر ہیں۔

آگ نے 4 سے 5 منزلوں کو متاثر کیا، آگ لگنے کے باعث عمارت میں موجود متعدد افراد چھت پر چڑھ گئے۔ آگ لگنے کے فوراً بعد 2 افراد جان بچانے کے لیے چھت سے کود گئے، تاہم دونوں اپنی جان کی بازی ہار گئے۔

واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے بھی ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نے عمارت کی چھت سے لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا، پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز نے بھی امدادی آپریشن میں حصہ لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی آمد سے قبل شہری جان بچانے کے لیے رسی کے ذریعے نیچے اترے، آگ سے 4 افراد معمولی طور پر جھلس بھی گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں دھوئیں سے متاثرہ 5 افراد لائے گئے۔ پانچوں افراد ٹھیک ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آگ عمارت کی چھٹی منزل پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جنریٹر کو الیکٹرک وائر سے ملانے کے دوران شارٹ سرکٹ ہوا۔

واقعے کے بعد واٹر بورڈ کی جانب سے صفورا اور نیپا ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی، ایم ڈی واٹر بورڈ کے مطابق پانی سے بھرے ٹینکرز فوری طور پر جائے وقوع کی طرف روانہ کیے گئے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے بھی عمارت میں پھنسے افراد کو فوری نکالنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے۔

دوسری جانب امدادی کاروائیوں کے دوران یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی میں ہی شارع فیصل پر واقع ایف ٹی سی بلڈنگ میں بھی آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آگ رات کے 2 بجے لگی جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں اور 2 اسنارکلز نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں