کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کیماڑی ڈاکیارڈ کے قریب گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور تمام تنصیبات محفوظ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کیماڑی ڈاکیارڈ کے صنعتی علاقے میں قائم ایک گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گودام سے اٹھنے والا سیاہ دھواں دور دور تک دیکھا جارہا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں اور ایک اسنارکل نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور اب گودام میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں: گڈانی میں آئل ٹینکر کی صفائی کے دوران آتشزدگی
ترجمان نے تصدیق کی کہ آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور حادثے میں تمام تنصیبات بھی محفوظ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں بھی ایک آئل ٹینکر کی صفائی کے دوران خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ حادثے میں آئل ٹینک کے اندر کام کرنے والے 26 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق آتش زدگی کا شکار ٹینکر کی صفائی کرنے کے لیے 100 سے زائد مزدور اس کے اندر اترے ہوئے تھے جن کی بڑی تعداد جھلس کر زخمی ہوگئی تھی۔
رواں برس جنوری میں گڈانی شپ یارڈ میں آتشزدگی کے ایک اور واقعے میں 5 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔ مذکورہ واقعہ ناکارہ جہاز میں کٹائی کے دوران پیش آیا تھا۔