فلوریڈا : چھوٹی سی بچی نے پورے گھر کو جلنے سے بچالیا، باورچی خانے میں لگنے والی آگ کی اطلاع فوری طور پر اپنے والد کو دی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک چار سالہ بچی امیلیا جرمین جو اپنے گھر میں باورچی خانے سے ملحقہ کمرے میں کھیل رہی تھی کہ اس نے دیکھا کہ اوون سے چنگاریاں نکل رہی ہیں۔
بچی پہلے تو اس منظر کو دیکھ کر پریشان ہوگئی اور ادھر ادھر بھاگنے لگی لیکن فوراً ہی اسے خیال آیا کہ اپنے والد کو اس کی اطلاع کرے اور وہ بے اختیار بھاگتی ہوئی دوسرے کمرے اپنے والد کے پاس چلی گئی۔
اس منظر کو وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کرلیا، واقعے کی ویڈیو کو بچی کے والد مسٹر جرمین نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور لکھا کہ میری ننھی سی بیٹی نے میرا گھر جلنے سے بچا لیا۔
بچی کے والد نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں دوسرے کمرے میں موجود تھا، بچی پریشانی کے عالم میں آئی اور آگ کا بتایا میں فوراً باورچی خانے کی طرف بھاگا اور جلتے ہوئے اوون کو گھسیٹ کر سوئمنگ پول کی جانب لے گیا اور اس پر پانی ڈال کر آگ بجھا دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوون کوواقعے سے30منٹ قبل ہی استعمال کیا تھا اور اس میں چکن نوگیٹ اور فرانسیسی فرائز بنائے تھے، کھانا کھانے کے بعد کچھ سامان بھی اسی کے اوپر رکھا ہوا تھا جس سے آگ مزید بھڑک سکتی تھی۔
مسٹر جرمین نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی، شکر ہے کہ آگ لگنے سے کوئی زخمی نہیں ہوا،
پوسٹ کے کمنٹس میں ایک صارف نے لکھا کہ ہم بھی آج ہی ہوم ڈپو سے اپنے گھر کیلئے آگ بجھانے والا سامان حاصل کریں گے۔ خیر شکر ہے کہ سب ٹھیک ہے اور آپ نے اپنا ہاتھ نہیں جلایا۔ ایک اور صارف نے کہا ، "آپ کی بیٹی ہیرو ہے۔