کراچی : کورنگی کریک میں گزشتہ رات بورنگ کے دوران لگنے والی آگ 22 گھنٹے بعد بھی تاحال بےقابو ہے، زیر زمین گیس کے ذخیرے کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورگی کریک کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گزشتہ رات ایک پلاٹ پر پانی کیلیے کی جانے والی بورنگ کے دوران خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔
فائر بریگیڈ کی سر توڑ کوششوں کے باوجود اب تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا، فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں اور واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مسلسل مصروف عمل ہیں۔
اس حوالے سے کمشنرکراچی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ زیر زمین گیس کا بڑا ذخیرہ موجود ہے، جائے وقوعہ پر ڈی سی کورنگی، ایس ایس جی سی اور پی پی ایل کے نمائندے موجود ہیں۔
کمشنر کراچی نے بتایا کہ نجی پلاٹ پر بورنگ کے دوران رات سوا 2 بجے کے قریب آگ لگی تھی، خوش قسمتی سے آگ لگنے کی جگہ کے اطراف آبادی موجود نہیں۔
اس حوالے سے پاکستان آئل ریفائنری کے نمائندے کا کہنا ہے کہ فی الحال گیس کے ذخیرے کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ کتنا بڑا ہے، پانی کے سیمپل لے لئے گئے ہیں، ٹیسٹ کے بعد ہی اصل صورتحال واضح ہو سکے گی۔
نمائندہ پاکستان آئل ریفائنری نے کہا کہ اس علاقے میں پہلے بھی ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں، پانی کیلئے بورنگ کے دوران اکثر گیس کا اخراج ہو جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عموماً ایک سے 2 ہفتوں میں ایسی آگ خود بجھ جاتی ہے، تاہم اس آگ کو مکمل مانیٹر کیا جائے گا اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، آگ کے مقام پر کنکریٹ بلاک لگانے کی ضرورت ہے۔
کراچی: کورنگی کراسنگ کے قریب لگی آگ 10 گھنٹے بعد بھی بے قابو