کراچی : کورنگی گودام چورنگی کے قریب آئل ٹینکر میں آگ لگنے کا واقعہ میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ڈرائیور نے حقیقت بیان کردی۔
اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا گودام چورنگی کے قریب مشتعل افراد نے آئل ٹینکر کو آگ لگائی تھی۔
آئل ٹینکر میں آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں لگی، حادثے کے بعد لگائی گئی، ابتدائی معلومات کے مطابق آئل ٹینکرکی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار زخمی ہوا تھا۔
اس سے قبل یہ اطلاعات زیر گردش تھیں کہ آئل ٹینکر میں آگ شارٹ کرکٹ کے باعث لگی جو بعد ازاں غلط ثابت ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسریل ایریا میں تیز رفتار آئل ٹینکر کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار زخمی ہوا تھا، جس پر پولیس نے ٹینکر ڈرائیور کو حراست میں لیا۔
ابتدائی تحقیقات میں آئل ٹینکر ڈرائیور نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل سوار اچانک ٹینکر کے سامنے آگیا تھا۔
ڈرائیور کا کہنا ہے کہ میں نے بریک مارنے کی پوری کوشش کی تو فیل ہوگئی، تاہم موٹر سائیکل سوار کے بازو پر چوٹ لگی تھی۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد مشتعل عوام نے آئل ٹینکر کو آگ لگائی۔
یاد رہے کہ کراچی میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہریوں کی اموات کا سلسلہ جاری ہے، اس سے قبل بھی گلشن اقبال بلاک 6 میں ایک واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت کریم اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں : گلشن اقبال میں واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا
کراچی کے ایک اور علاقے شاہ فیصل کالونی میں بھی نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ہے، اس حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔