کراچی : صدر عبداللہ ہارون روڈ پر شاپنگ پلازہ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 2 اسنارکلز نے آگ پر ڈھائی گھنٹے بعد قابو پالیا۔
کراچی کے علاقے صدر عبداللہ ہارون روڈ پر زینب مارکیٹ کے قریب کمرشل عمارت میں لگی آگ پر ڈھائی گھنٹے بعد قابو پالیا گیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ شاپنگ پلازہ کے مختلف حصوں میں پھیل گئی تھی، عمارت کے بالائی حصے پر شہری موجود تھے تاہم آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فائر آفیسر ہمایوں خان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ فائر بریگیڈ کو رات 11 بج کر55منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں، فائر بریگیڈکی 6 گاڑیوں اور 2 اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔
کراچی، صدر گل پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی، 15 دکانیں خاکستر
فائرآفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ شاپنگ پلازہ کی عمارت میں مختلف دکانیں اورگودام واقع ہیں، مجموعی طور پر کتنی دکانوں کو آگ لگی یا کتنا مالی نقصان ہوا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا، انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا علم کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔