کوئٹہ : پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ ڈھائی سالہ بچے کیخلاف درج کرلیا گیا، ملزم بلال پردہشت گردی کی نو دفعات درج کی گئیں، بلوچستان پولیس نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی، بچے کا باپ بیٹے کے مستقبل سے پریشان ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں میں ڈھائی سالہ بچے پر پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا، ذرائع کے مطابق مقدمے میں بلال پردہشت گردی کی9دفعات درج کر دی گئیں ہیں،۔
پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقدمہ تھانہ نیو سریاب میں مقدمہ درج کیا گیا، ننھے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے جس کے بعد بلال کی گرفتاری کیلیے اب تک3چھاپے بھی مارے جاچکے ہیں۔
اس حوالے سے بلال کے والد کا کہنا ہے کہ ڈھائی سال کا بچہ پولیس پر فائرنگ کیسے کرسکتا ہے؟ بلال تو اب تک چپس کھاتا اور جوس پیتا ہے، ہم نے بلال کے نام پر اسکول کھولا جس پر پولیس نے اسے بڑا آدمی سمجھ کر مقدمہ درج کردیا۔
کیس کو ختم کرنے کیلئے کئی بار پولیس سے رابطہ کیا ہے مگراب تک معاملہ حل نہیں ہوسکا، مقدمہ درج ہونے پر بچے کے مستقبل کے حوالے سے سخت پریشان ہوں۔
اعلی پولیس حکام نے بچے پر ایف آئی آر کا نوٹس لے لیا
اس حوالےسے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق میڈیا میں خبر نشر ہونے پر بلوچستان پولیس نے ڈھائی سالہ بچے پرایف آئی آرکا نوٹس لے لیا ہے، متعلقہ حکام سے ایف آئی آر کے اندراج سے متعلق رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ والدین نے ہم سے رابطہ نہیں کیا ،حقائق کے مطابق کارروائی ہوگی، مقدمہ کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کےحکام کی مدعیت میں درج کیا گیا۔