کراچی کے علاقے سولجر بازار میں لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو شہری نے فائرنگ کرکے موقع پر ہی مار ڈالا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اہلیان شہر قائد آئے روز کی چھینا جھپٹی اور لوٹ مار کی وارداتوں سے تنگ آچکے ہیں اور ان بے رحم ڈاکوؤں سے نمٹنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت ان کو سبق سکھانے کا فیصلہ بھی کرلیا۔
ایسے ہی کراچی کے ایک شہری نے سولجر بازار میں فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا، افراتفری کا فائدہ اٹھا کر اس کا ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو ڈاکو لوٹ مار کررہے تھے کہ مذکورہ شہری نے ان پر فائرنگ کردی، جس سے ایک ڈاکو زمین پر گرتے ہی مرگیا۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو سے ایک عدد پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر مزید کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے، بہت جلد دوسرے ملزم کو بھی قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری
واضح رہے کہ کراچی کی ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلیے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کررہی ہے۔
پولیس کے مطابق جن علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے ان میں شارع فیصل، بلوچ کالونی، سہراب گوٹھ شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی تلاش اور منشیات فروشوں کیخلاف کیا جارہا ہے، علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے گھرگھر تلاشی کاعمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ بائیومیٹرک سرچ ڈیوائس کی مدد سے مشتبہ افراد کی تصدیق کی جارہی ہے۔