کراچی: ڈیفنس میں ڈانس پارٹی کے دوران معمولی تلخ کلامی سے شروع ہونے والا جھگڑا شدت اختیار کرگیا جس کے بعد سرکاری ملازم علی اعوان اورپولیس اہلکاروں نے تقریب میں فائرنگ شروع کردی، اے آر وائی پر خبر نشر ہوئی تو آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز فور میں ڈانس پارٹی کے دوران نوجوانوں کی معمولی تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شدت اختیار کرگیا، دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر لاتوں گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا۔
جھگڑے نے شدید نوعیت اختیار کی تو ہاتھا پائی سے شروع ہونے والی لڑائی فائرنگ تک جا پہنچی جس کے بعد سرکاری ملازم علی اعوان نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ہوائی فائرنگ کی۔
ذرائع کے مطابق ڈانس پارٹی کے دوران نشے میں دھت افراد ایک دوسرے سے لڑتے رہے جبکہ اس دوران ایس ایس یو کے باروردی پولیس اہلکار بھی موجود تھے جو ڈانس پارٹی سے محضوض ہورہے تھے۔
اے آر وائی نے نیوز نشر کی تو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے تمام واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کی اور ہدایت کی کہ وہاں موجود پولیس اہلکاروں کے نام اور حرکتوں کی تفصیلی رپورٹ ارسال کریں۔