پیر, جولائی 1, 2024
اشتہار

فائرنگ سے دو افراد جاں بحق: لواحقین کا تھانے کے باہر لاش سمیت دھرنا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، ڈیفنس میں وکیل کا ملازم جبکہ یوسف پلازہ کے قریب ریڑھی بان جان کی بازی ہار گیا، گزشتہ دو روز کے دوران چھ افراد قتل کردیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابقکراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، کراچی کے علاقے ڈیفنس میں آج دوپہر فائرنگ سے ذوالفقارعلی نامی شخص کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔

مقتول کے ورثاء نے گذری تھانے کے باہر لاش رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اہلخانہ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی کی 15روز بعد شادی تھی، ذوالفقار علی نے وکیل خواجہ شمس الاسلام کی نوکری چھوڑ دی تھی، جس پر شمس الاسلام نے ذوالفقار کو غیرقانونی اسلحے کے الزام میں گرفتار بھی کرادیا تھا۔

- Advertisement -

اہل خانہ کے مطابق ذوالفقارعلی کی آج سٹی کورٹ میں پیشی تھی، ذوالفقار پیشی کے بعد ڈیفنس میں ڈیوٹی پرجارہا تھا کہ اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

تھانہ گذری میں مقتول کے بھائی امین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، قتل کی دفعات کے تحت درج کیے گئے مقدمے میں وکیل خواجہ شمس الاسلام کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل وکیل شمس الاسلام کے خلاف ماضی میں بھی ایک مقدمہ درج ہو چکا ہے، شمس الاسلام کی سی ویو کے قریب گاڑی روکنے پر پولیس سے تنازع کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، پولیس سے جھگڑے کے بعد شمس الاسلام تھانے میں لاک اپ بھی کیا گیا تھا

دوسری جانب یوسف پلازہ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، مقتول کے سرپرگولی ماری گئی،ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا شخص ریڑھی بان تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات، تین افراد جاں بحق

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتاہے، مزید تحقیقات جاری ہیں، واضح رہے کہ فائرنگ کےواقعات میں آج جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دو ہوگئی جبکہ شہرمیں گزشتہ دو روزکے دوران6افراد قتل کردیئے گئے، عوامی کالونی سے عمر رسیدہ خواجہ سرا کی تشددزدہ لاش ملی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں