تربت: بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت میں نامعلوم دہشت گردوں نے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے تحت کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے ہوشاب میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے خریداری کے لیے بازار آنے والے مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا مگر دوران علاج دونوں مزدور بھی زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔ فائرنگ کے بعد دہشت گرد باآسانی فرار ہوگئے۔
واقعے کے بعد فرنٹیئر کورپس (ایف سی) اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
مزید پڑھیں: گوادر میں فائرنگ سے 10 مزدور جاں بحق
جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت غلام عباس، نادل اور طاہر کے نام سے ہوئی۔
تینوں مزدور ایف ڈبلیو او کے کانٹریکٹ پر سڑک کی تعمیر و مرمت کے سلسلے میں بلوچستان میں موجود تھے۔ تینوں کا تعلق سندھ کے علاقے خیر پور سے تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 13 مئی کو بھی دہشت گردوں نے بلوچستان ہی میں گوادر میں تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں پر فائرنگ کی تھی جس سے 10 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔