لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آگیا، برطانیہ سے آئے مریض کو 10 مارچ کو ایئرپورٹ پر کلیئر قرار دیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، نجی لیبارٹری نے مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق کر دی۔ برطانیہ سے آئے مریض کو 10 مارچ کو ایئرپورٹ پر کلیئر قرار دیا گیا تھا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مریض کے خون کے نمونے تجزیے کے لیے بھیج دیے ہیں، طبیعت خراب ہونے پر مریض نے نجی لیب سے ٹیسٹ کرایا تھا۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آگیا ہے، متاثرہ شخص کو میو اسپتال میں داخل کرا دیاگیا ہے۔
فیاض الحسن کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کے عزیز و اقارب کے کرونا ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں،کرونا وائرس کا متاثرہ مریض تندرستی اور بحالی کی طرف گامزن ہے۔
پنجاب میں پہلا کرونا وائرس کا مریض سامنے آگیا ھے۔ دس مارچ کو برطانیہ سے پاکستان آیا ھے۔ اسے میو ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ھے اور اس کے تمام عزیزواقارب کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں جو کہ اللہ پاک کے کرم سے نیگیٹو ہیں۔ اللہ پاک کے کرم سے مریض تندرستی اور بحالی کی طرف گامزن ھے
— Fayazulhasan chohan (@Fayazchohanpti) March 15, 2020
پاکستان میںکرونا کیسز کی تعداد 31 تک پہنچ گئی
وفاقی دارالحکومت میں ایک اور کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد 31 تک پہنچ گئی جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 11 مارچ کو عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا، یہ وائرس اب تک 114 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 5 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں ۔