راولپنڈی: قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) میں عالمی وبا قرار دیے گئے کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق 22 سالہ فضائی میزبان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، فضائی میزبان کے نمونے مثبت آنے پر بینظیر اسپتال سے راولپنڈی انسٹیٹوٹ آف یورالوجی منتقل کردیا گیا۔
متاثرہ کیبن کریو اوسلو سے اسلام آباد پرواز پی کے 772 پر تین روز پہلے ڈیوٹی پر مامور تھا جب کہ فضائی میزبان نے اسلام آباد جدہ اسلام آباد کی پرواز میں بھی فرائض سرانجام دیئے تھے۔
کیس سامنے آنے کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت پی آئی اے نے فضائی میزبان کے 22ساتھیوں بشمول کپتان کو سیلف آئیسولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تین دن میں نمونے حاصل کرکے 22 فضائی میزبانوں جن مین کپتان اور فرسٹ آفیسر بھی شامل ہین کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے جب کہ پنجاب بھر میں کورونا کے مصدقہ مریض 223 ہوگئے ہیں۔