تحریک آزادی کشمیر کے بانی رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی پر حریت رہنما عبدالحمید لون نے انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سید علی گیلانی کی پہلی برسی پر عبدالحمید لون نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی گیلانی ایک عظیم، نڈر اور بہادر کمشیری رہنما تھے جن کی ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلیے جدوجہد میں گزری۔
اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت علی گیلانی کی توانا آواز سے ہمیشہ خوفزدہ رہا، ان کی نصف عمر بھارتی جیلوں میں قید کاٹتے گزری جب کہ زندگی کے آخری 12 سال انہیں قابض بھارتی حکومت نے گھر میں نظر بند رکھا، انہوں نے گزشتہ برس حیدر پورہ میں رہائشگاہ پر بھارتی پولیس کی حراست میں جام شہادت نوش کیا۔
عبدالحمید لون کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی الحاق پاکستان کے سب سے بڑے حامی رہنما تھے، انہوں نے کشمیر کو پاکستان کا قدرتی حصہ قرار دے کر مسئلہ کشمیر کو تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا قرار دیا،” ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے” آج بھی جموں کشمیر کے گلی کوچوں میں مقبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی معروف عالمی مسلم فورم ” رابط عالمی اسلامی کے رکن بھی رہے ہیں اور وہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ سید علی گیلانی گزشتہ سال یکم ستمبر کو انتقال کرگئے تھے، دنیا سے رخصت ہوتے وقت بھی وہ بھارتی حکومت کے مظالم کا شکار اور گھر میں نظربند تھے اور شدید علالت کے باوجود ان کی نظربندی ختم نہیں کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: حریت رہنما سید علی گیلانی سپرد خاک، علاقے میں کرفیو
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی کو سخت سکیورٹی میں سپردخاک کیا گیا تھا اور قابض بھارتی فورسز نے جنازے اور تدفین میں صرف پڑوسیوں اور قریبی رشتے داروں کو شرکت کی اجازت دی تھی۔